سویڈن کے شہر گوتھنبرگ میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایک فلیٹ میں پھینکے گئے دستی بم کے دھماکے سے ایک آٹھ سالہ بچہ ہلاک ہو گیا ہے۔
برطانیہ کے شہر برمنگھم سے تعلق رکھنے والے یوسف وارسامے اپنے رشتہ داروں کے گھر گئے ہوئے تھے اور وہاں ایک کمرے میں سو رہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حملہ شاید کسی جرائم پیشہ گروہ کے ساتھ جھگڑے کا نتیجہ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس فائرنگ کر کے قتل کی واردات میں ملوث ایک شخص اسی پتے کا رہائشی تھا۔
پولیس ترجمان تھامس فکسبورگ
کا کہنا تھا: ’ہم اس واقعے کے محرکات کی تفتیش کریں گے کہ آیا ان کا اس سے تعلق ہے یا نہیں۔ البتہ ہمارا خیال ہے کہ شاید ایسا ہی ہو۔‘
جس وقت دستی بم فلیٹ میں پھینکا گیا تو وہاں پانچ بچے اور متعدد وبڑے موجود تھے۔
وارسامے زخموں کی تاب نہ لا کر ہسپتال میں دم توڑ گئے۔
بچے کے ایک رشتہ دار نے بتایا کہ بچے کی ماں، بہن اور ایک بھائی بھی اسے کمرے میں موجود تھے لیکن انھیں معمولی زخم آئے۔
سویڈن میں عموماً شرح جرائم کم ہوتی ہے تاہم پولیس کو نسبتاً غریب علاقوں میں تشدد کے واقعات سے نمٹنے میں مشکل درپیش ہے۔